پست معیار فنی تربیتی اداروں کو بلیک لسٹ کر دیا جائیگا: ذوالفقار چیمہ

پست معیار فنی تربیتی اداروں کو بلیک لسٹ کر دیا جائیگا: ذوالفقار چیمہ

ملتان (نمائندہ نوائے وقت) فنی تربیت کا معیار بلند کریں تاکہ جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کو باعزت روزگار ملے یہ بات نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے ملتان میں جنوبی پنجاب کے تربیتی اداروں کے سربراہان سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ نیوٹیک کے کورسز صرف ان اداروں میں چلائیں گے جن کے سربراہ مشن اور جذبے کے تحت ٹریننگ کروائیں گے ۔ جن اداروں کا معیار پست ہوگا انہیں بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔ جہاں فنڈز میں معمولی سی بھی گڑبڑ ہوئی وہاں مقدمہ درج کراکے کارروائی کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مستقبل اسی میں ہے کہ نوجوانوں کو ہنرمند بنائیں تاکہ وہ اپنے کنبے کی کفالت کے قابل ہوسکیں۔ ذوالفقار چیمہ نے کہا کہ ادارے کا تربیتی ماحول اور صحت مندانہ مثبت سرگرمیاں طلبہ کی شخصیت کی تکمیل میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ۔ انہوں نے اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ نوجوانوں کی شخصیت اور کردار سازی کی طرف بھی توجہ دیں۔ جوش، جذبے اور محنت سے ٹریننگ کروانے والے اداروں کے ٹیچرز اور سربراہان کو بیرونِ ملک کورسز پر بھیجا جائے گا ۔ اعلیٰ معیار کے اداروں کو بھی ایوارڈ دیئے جائیں گے۔