پاکستان، سعودی عرب تعلقات خراب کرنے کی ہر سازش ناکام بنادیں گے: فضل الرحمن

پاکستان، سعودی عرب تعلقات خراب کرنے کی ہر سازش ناکام بنادیں گے: فضل الرحمن

ملتان(صباح نیوز)جمعیت علماء اسلام ف کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ پاکستانی قوم سعودی عرب کے ساتھ ہے پاکستان اور سعودی عرب تعلقات خراب کرنے ہر سازش ناکام بنا دی جائے گی، حرمین کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے، قبلہ اول بھی آزاد کروانا امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے، انتہا پسند دینی مدارس نہیں بلکہ مغرب اور اسکے نام لیوا ہیں، ہم دنیا کے تمام مسائل کا حل جنگ نہیں مذاکرات میں سمجھتے ہیں، جنگ امت مسلمہ کے نہیں بلکہ امریکہ کے مفاد میں ہے اس وقت دنیا میں لڑائی دلیل اورطاقت کی ہے، ہمارے پاس دلیل اور امریکہ کے پاس طاقت ہے۔ حرمین ہمارے ایمان کا حصہ ہے اسکے تحفظ کے لیئے ہرطرح کی قربانی ہمارے لئے اعزاز ہو گا، دینی مدارس کیخلاف محض پروپیگنڈہ ہے، آج تک کسی مدرسہ کیخلاف دہشتگردی میں ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جامعہ قاسم العلوم اور جامعہ خیر المدارس کی سالانہ دستار بندی کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا، فضل الرحمن نے کہاکہ سعودی عرب اور یمن کے معاملہ پر پاکستانی عوام، پارلیمنٹ اور سیا سی جماعتوں کا مؤقف واضح ہے۔