معاشرے کی صحت مند تشکیل میں صوفیاءکرام نے بنیادی کردار ادا کیا ، خواجہ علقمہ
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) صوفیاءکرام نے اخلاق اور سوسائٹی کے باہمی تعلق کو استوار کر کے معاشرہ کی صحت مند تشکیل میں بنیادی کردار ادا کیا ، یہ بات وائس چانسلر بہاﺅالدین زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر سید خواجہ علقمہ نے شعبہ علوم اسلامیہ کے زیر اہتمام شاہ رکن عالم سمینار میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کو اخلاقی تربیت اور سماجی شعور کے ساتھ منسلک کئے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا اور یہ اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھائی چارہ ، برداشت ، سماجی ہم آہنگی ، احساس ذمہ داری اور خدمت خلق جیسی اقدار پر سماجی کی تعمیر کی آگہی منتقل کرنے کو اپنے فرائض منصبی کا حصہ تصور کریں ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کلیہ علوم اسلامہ والسنہ کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر روبینہ ترین نے کہا کہ اولیاءکرام کی تعلیمات کو ایام و مقامات میں محدود رکھنے کی بجائے روز مرہ کی زندگی کےلئے رہنما کردار کے طور پر ان سے استفادہ حاصل کیا جائے ۔ شعبہ علوم اسلامیہ کے چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر سعید الرحمن اور ولایت حسین اسلامیہ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر محمد حسین آزاد نے کہا صوفیاء، قرب الٰہی کے مرتبہ پر فائز ہوتے ہیں ، جس کی وجہ سے وہ ذاتی اور گروہی اغراض سے بلند تر ہوتے ہیں ے بہاﺅالدین زکریا اکیڈمی کے سیکرٹری ڈاکٹر محمد صدیق قادری نے شاہ رکن عالم کی اخلاقی و روحانی بصیرت کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب نے سورہ العصر کی روشنی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شاہ رکن عالم کی زندگی آج کے مادہ پرستی کے ماحول میں خطہ کےلئے مشعل راہ ہے ۔ شعبہ فلسفہ کے چیئر مین ڈاکٹر محمد شفیق بھٹی اور ڈاکٹر غلام شمس الرحمن نے بھی خطاب کیا ۔