ناراض کارکنوں کو منائیں گے‘ پارٹی آئندہ الیکشن میں دوبارہ بڑی طاقت بن کر ابھرے گی: زرداری

ناراض کارکنوں کو منائیں گے‘ پارٹی آئندہ الیکشن میں دوبارہ بڑی طاقت بن کر ابھرے گی: زرداری

ملتان (سپیشل رپورٹر) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پی پی پی ایک جماعت نہیں بلکہ ایک سوچ کا نام ہے۔ آئندہ الیکشن میں پی پی پی ایک بار پھر بڑی طاقت بن کر ابھرے گی۔ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان کے بیٹے کے اغوا پر ان کی طرح میں بھی پریشان ہوں۔ علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ پارٹی کے ناراض کارکنوں کو منا کر پارٹی دوبارہ فعال بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران کیا۔ اس ملاقات کے دوران ان کے ہمراہ پارٹی رہنما خواجہ رضوان عالم‘ سابق ایم پی اے ملک عامر ڈوگر‘ سابق ایم پی اے سید احمد مجتبیٰ گیلانی بھی موجود تھے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق کسی بھی دیگر پارٹی عہدے دار یا رہنما کو نہیں بلایا گیا تھا۔ ملاقات کے دوران دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کوفعال کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ صدر آصف علی زرداری گزشتہ روز 2 گھنٹے قیام کے بعد واپس روانہ ہو گئے۔ اس سے قبل صدر کی آمد کے موقعہ پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ غوث الاعظم روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا تھا۔ اس دوران قریبی علاقوں کے مقامی افراد کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ نشتر ہسپتال جانے والی ایمبولینسوں کو بھی اس راستہ سے جانے کی اجازت نہ دی گئی۔