ملتان میں 2خواتین اور ڈرائیور کا پراسرار قتل، نعشیں گھر سے مل گئیں

ملتان (نمائندہ خصوصی) بہادر پور کالونی مےں دو خواتین سمیت 3 افراد کا پراسرار قتل، لاشیں گھر سے ملیں، قاتلوں نے مقتولہ عمارہ بی بی کے بھائی کو فون کر کے کہا بہن کی لاش اٹھا لو ہم نے بے عزتی کا بدلہ لے لیا ہے، ملزم فرار ہوتے وقت گھر سے کار بھی لے گئے۔ شمشیر علی بہادر پور کالونی میں غل سٹریٹ کا رہائشی ہے اس کی ایک سال قبل عمارہ بی بی کے ساتھ شادی ہوئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ شمشیر علی اسلام آباد گیا تھا جہاں پر ان کے کسی رشتہ دار کا انتقال ہو گیا تھا وہ تعزیت کے لئے اسلام آباد گئے تھے اس کی عدم موجودگی مےں وقوعہ ہوگیا۔ بالائی منزل پر ایک کمرے میں عمارہ بی بی اور دوسرے کمرے میں شمشیر علی کی بہن شمخا جبکہ ڈرائیور کی لاش ڈرائینگ روم میں صوفے پر پڑی تھی۔ نامعلوم ملزموں نے انہیں فائرنگ اور تشدد کر کے قتل کیا، تشدد کے لئے تیزدھار آلہ استعمال کیا گیا۔