وزیراعلیٰ کی موذی مرض میں مبتلا ملتان کے رہائشی بچے کے علاج کی ہدایت

وزیراعلیٰ کی موذی مرض میں مبتلا ملتان کے رہائشی بچے کے علاج کی ہدایت

ملتان (خاتون رپورٹر) شہری کی علاج معالجہ کیلئے دی گئی درخواست پر وزیراعلیٰ پنجاب نے فوری نوٹس لے لیا‘ نشتر ہسپتال انتظامیہ نے میڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا۔ تفصیل کے مطابق اندرون لوہاری گیٹ کے رہائشی لطیف ظفر علی نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو درخواست دی کہ ان کا بیٹا طاہر علی موذی مرض میں مبتلا ہے جس کا علاج پاکستان میں نہیں۔ مہنگا علاج ہونے کی وجہ سے میں علاج نہیں کروا سکتا۔ سرکاری سطح پر بچے کا علاج کروانے کیلئے میری مدد کی جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے فوری نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر جیل خانہ جات چودھری وحید ارائیں کو تمام معاملہ کی نگرانی کرنے کا حکم دیتے ہوئے نشتر ہسپتال ملتان کے پرنسپل ڈاکٹر سمیع اختر کو بچے کو چیک اپ کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیدیا۔ جس پر نشتر ہسپتال کے پرنسپل نے ڈاکٹر خلیل احمد گل‘ ڈاکٹر عبدالستار‘ ڈاکٹر شاہد رفیق اور ڈاکٹر اصغر جاوید پر مشتمل بورڈ تشکیل دیدیا تاکہ بچے کے علاج کیلئے مزید پیش رفت ہو سکے۔
وزیراعلیٰ/ ہدایت