ملتان سے 4 خطرناک ڈاکو گرفتار‘ لوٹا ہوا مال برآمد

ملتان سے 4 خطرناک ڈاکو گرفتار‘ لوٹا ہوا مال برآمد

ملتان (نمائندہ خصوصی) قطب پور پولیس نے مقابلے کے بعد 4 خطرناک ڈاکو¶ں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان موٹر سائیکلیں چھیننے کی 70 سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ملزمان کے قبضہ سے 5 کلو ہیروئن بھی برآمد ہوئی۔ تفصیل کے مطابق ایس پی کینٹ کرامت اﷲ کو اطلاع ملی تھی کہ 4 خطرناک ڈاکو قطب پور کے علاقے میں موجود ہیں ان کے حکم پر ایس ایچ او قطب پور خالد امین نے گھانگلہ چوک پر ناکہ لگا رکھا تھا اس دوران دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 مشکوک افراد ناکے پر پہنچے پولیس نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ جس سے ایک اہلکار عامر زخمی ہو گیا۔ پولیس نے جوابی فائرنگ کی اور تعاقب کر کے چاروں ملزموں کو قابو کر لیا۔ گرفتار ہونے والوں میں فیضان‘ شہزاد اور کلیم وغیرہ شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضہ سے 4 پسٹل اور 5 کلو ہیروئن برآمد ہوئی۔ ملزموں کے قبضہ سے برآمد ہونے والی دونوں موٹر سائیکلیں ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران چھینی گئی تھیں۔ دوران تفتیش ملزمان نے 70 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم شہزاد کا والد اعجاز لنگاہ بھی خطرناک ڈاکو تھا اور وہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا تھا۔
ڈاکو گرفتار