مسلم لیگی کارکنوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائیگا: رانا محمود الحسن

مسلم لیگی کارکنوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائیگا: رانا محمود الحسن

ملتان (سپیشل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن لیبر ونگ کے سینئر نائب صدر و ڈائریکٹر سوشل سکیورٹی ہیلتھ منیجمنٹ پنجاب میاں محمد رزاق نے مسلم لیگی کارکنوں کو اعلیٰ کارکردگی پر شیلڈز اور مڈل دینے کی تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب کی صدارت ایم پی اے رانا محمود الحسن نے کی۔ مہمان خصوصی ایم این اے سید جاوید علی شاہ تھے۔ تقریب میں محمد بلال بٹ‘ مجید شاہ‘ آپا نسرین‘ عمران اعظمی‘ الطاف بلوچ‘ میاں محمد رزاق‘ ملک غفار اعوان‘ محمد اسلم‘ راو ابرار کو شیلڈز اور سید قیصر زیدی‘ لیاقت علی انصاری‘ کوثر جمیل‘ شیخ شہباز کو اعلیٰ کارکردگی پر شیلڈز دی گئی۔ جبکہ شیخ شوکت‘ میاں فیروز‘ میاں مبشر رزاق‘ مدثر رزاق کو میڈل دیا گیا۔ میاں رزاق کی طرف سے منور احسان قریشی‘ رانا محمود الحسن اور سید جاوید علی شاہ کو یادگاری شیلڈ دی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے سید جاوید علی شاہ نے کہا مسلم لیگ کی حکومت کارکنوں کی حوصلہ افزائی کے لئے میڈل اور شیلڈ دے رہی ہے۔ رانا محمود الحسن نے کہا کہ ہم کارکنوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کریں گے۔ میری جیت کارکنوں کی محنت کا ثمر ہے۔