پنجاب بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال پھیلا کر نئی تاریخ رقم کی : آجاسم شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر)مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی آجاسم شریف نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے گزشتہ پانچ برسوں میں تعلیمی میدان میں گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں اور شعبہ تعلیم میں خصوصی توجہ دے کر ملک کے مستقبل کو روشن بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے - انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ ماڈل گرلز ہائی سکول مزنگ لاہور کی طالبات میں سولر لیمپس کی تقسیم کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر کیا - اس موقع پر انہوںنے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا کر عوامی فلاح کے منصوبوں کی نئی تاریخ رقم کی ہے- انہوںنے کہا کہ حکومت پنجاب نے 8ارب روپے کی خطیررقم سے لیپ ٹاپ کی تقسیم اور اڑھائی ارب روپے سے سولر لیمپس کی تقسیم سے میرٹ پر آنے والے طلباءو طالبات کی حوصلہ افزائی کی -انہوں نے کہا کہ طالبات کی تعلیمی میدان میں دلچسپی اور لگن سے صاف پتہ چلتا ہے کہ ملک و قوم کی یہ بیٹیاں پاکستان کا سر فخر سے بلند کرنے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر دوسروں کے لئے مشعل راہ بنیں گی- تقریب میں آمد پر طالبات نے رکن صوبائی اسمبلی کا پرجوش استقبال کیا -