لاہور سکول آف اکنامکس میں خارجی و داخلی حوالے سے پاکستانی سیاست پر کانفرنس

لاہور (پ ر) سوشل سائنسز پر پہلا سالانہ کانفرنس کے دوسرے روز کا موضوع ”پاکستان میں سیاست۔ خارجی و داخلی حوالے“ تھا۔ اس کانفرنس کا اہتمام لاہور سکول آف اکنامکس نے کیا ہے۔ پہلے سیشن کے تعارفی کلمات سینئر فیلو پروفیسر سجاد میر نے ادا کئے جبکہ ڈاکٹر ظفر جسپال، ڈاکٹر نذیر حسین اور ڈاکٹر شعیب پرویز نے افغانستان، چین اور بھارت کے حوالے سے اپنے مقالہ جات پیش کئے اور ان تینوں ملکوں کے ساتھ تعلقات پر پاکستان میں ابھرتے ہوئے سٹرٹیجک ماحول کے بارے میں بحث کی۔ ان کے بعد پروفیسر حسن عسکری نے خطاب کیا جبکہ سیشن کے آخر میں سفیر شمشاد احمد خان نے موضوع کی مناسبت سے تقریر کی۔ دوسرے سیشن کی صدارت لاہور سکول آف اکنامکس کے ریکٹر ڈاکٹر شاہد امجد چودھری نے کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسن عسکری نے ”پاکستان میں فیڈرل ازم“ کے موضوع پر مقالہ پیش کیا جس کے بعد آئی اے رحمن نے میڈیا کا طاقتور سنٹر کی حیثیت سے ظہور اور پاکستان کی سیاست پر اس کے اثرات کے موضوع پر بحث کی۔ بعدازاں ڈاکٹر سید شفقت نے پاکستان میں پالیسی سازی کے موضوع پر خطاب کیا۔