جامکے چٹھہ: احمد نگر پولیس ڈاکوﺅں کو پروٹوکول دینے لگی

جامکے چٹھہ (نامہ نگار) احمد نگر پولیس نے درجنوں وارداتوں میں ملوث تین رکنی ڈکیت گینگ کو گرفتار کر کے مقدمات تو درج کر لئے مگر ڈاکووں کو تھانہ میں وی آئی پی پروٹوکول دے رہی ہے ۔منصوروالی چیمہ کے تین رکنی ڈکیتیوں میں ملوث محمد عثمان اور عمر حافظ قرآن ہیں جبکہ سرغنہ محمد عثمان ایک پرائیویٹ سکول اور مقامی مسجد میں بچوں کو تعلیم دیتا ہے اسکا ایک بھائی شیراز احمد چیمہ وزیرآباد صدر تھانہ میں پولیس ملازم ہے جس کی وجہ سے ان ڈاکوﺅں کو پولیس پروٹوکول دئے ہوئے ہے ۔درجنوں وارداتوں میں ملوث ڈکیت گینگ نے گذشتہ ایک سال سے علاقہ بھر میں متعدد خاندانوں کے افراد کو لوٹا ہے ڈکیت عمر سجاد ،حافظ محمد عثمان چیمہ اور حافظ عمر احسان باجوہ کے خلاف ایس ،ایچ،او تھانہ احمد نگر نے چار افراد کی مختلف وادات کو صرف دو مقدمات میں ضم کر کے لٹنے والے افراد کا مجموعی طور پر پندرہ ہزار روپے ،دو موبائل اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی ہے مگر پولیس ملازمین کی ڈاکوﺅں کے لئے سفارشات کی بناءپر انہیں خصوصی پروٹوکول دیا جا رہا ہے ۔علاقے کے عوامی سماجی حلقوں نے ڈی، پی، او گوجرانوالہ سے ذمہ داران کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔