وٹو حد میں رہیں، سیاست کو ذاتی دشمنی نہ بنائیں: مسلم لیگ (ن)

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ(ن) کے میڈیا کو آرڈینیٹر محمد مہدی نے کہا کہ سندھ میں پی پی پی کی صوبائی حکومت کے ایما پر لیگی کارکنان کے ساتھ نازیبا سلوک کے واقعات ہو رہے ہیں جبکہ امیر بخش بھٹو پر ظلم کیا جارہا ہے ان کے خلاف 302 کے پرانے مقدمات کو نکال کر ایف آئی آر درج کی جا رہی ہیں۔ مسلم لیگ ن امیر بخش بھٹو کے خلاف انتقامی کاروائیوں کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن یونس حبیب سمیت الزام لگانے والے ہر شخص کے خلاف ہتک عزت کے دعوے کرے گی۔ پی پی پی نے پنجاب کو فتح کرنے کے لی منظور وٹو کو بھیجا ہے ان کے لیے مشورہ ہے کہ اپنی حد میں رہیں اور سیاست کو سیاست سمجھ کر کریں ذاتی دشمنی نہ بنائیں کہیں ایسا نہ ہو کہ ان کو 93 سے 95 تک پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر پنجاب فتح کرنے کے بعد شکست ہونے پر صرف ایک ہی گھر نظر آیا تھا جہاں وہ بھا گے بھاگے پہنچ گئے تھے اور ان کو دوبارہ اسی گھر میں واپس نہ جانا پڑ جائے۔ ن لیگ کے میڈیا کو اارڈینیٹر محمد مہدی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فین گروپ نے چند روز قبل دعوی کیا تھا کہ وہ اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر احتجاج کریں گے لیکن عمران خان نے کینڈا ائر پورٹ پر حکام کو شیڈول دکھا تے ہوئے یقین دلایا کہ ان کے شیڈول میں تو کوئی احتجا ج ہے ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ رحمن ملک کے خلاف 62 اور 63 کا فیصلہ ہو چکا ہے وہ صادق اور امین نہیں رہے ایسا وزیر داخلہ کسی حیثیت سے ہم کو سیاست چھوڑنے کا مشورہ دئے سکتا ہے اور ایف آئی اے میں تفتیش کاروں کا فیصلہ کرنے کا حق رکھتا ہے۔