میٹرو بس کے حوالے سے وزیراعلیٰ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں: خدیجہ فاروقی

لاہور (لیڈی رپورٹر) مسلم لیگ (ق) پنجاب کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے کہا کہ پنجاب حکومت میٹرو بس سسٹم کا مکمل تعمیراتی تخمینہ، مدت تکمیل اور ٹریک کے نقشے سے متعلق تمام دستاویز پبلک کرے۔ انہوں نے کہاکہ منصوبہ کے متعلق پنجاب حکومت کے وزراءیہاں تک کہ خود وزیراعلیٰ تخمینہ لاگت اور مدت تکمیل کے حوالے سے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈر ہے کہ یہ منصوبہ بھی ہربنس پورہ پل کے انہدام کی طرح انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث نہ بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ 90 ارب روپے سے کم لاگت میں کسی طور پر مکمل نہیں ہو گا جبکہ عوام کو بتایا جا رہا ہے کہ یہ منصوبہ 37 ارب روپے کا ہے حالانکہ اس منصوبہ کے آغاز پر تخمینہ 28 ارب بتایا گیا تھا ۔ انہوںنے کہاکہ 37 ارب روپے سے زائد رقم اب تک تو خرچ بھی ہو چکی ہے۔ انہوںنے کہا کہ 36 اضلاع کے ترقیاتی فنڈز روک کر ایک منصوبہ پر لگانا عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔