رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران سبزیوں کی برآمدات میں اضافہ

کراچی (این این آئی) رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران سبزیوں کی برآمدات میں 3.4فیصد اضافہ ہوا۔ ادارہ برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے تین مہینوں جولائی تا ستمبر کے دوران 26.716ملین ڈالر مالیت کی سبزیاں برآمد کی گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 25.830ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں، اس طرح رواں سال کے دوران گزشتہ مالی سال کی نسبت سے سبزیوں کی برآمدات میں 3.4فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ رپورٹ کے مطابق ستمبر 2012 کے دوران گزشتہ مالی سال کے ماہ ستمبر کے مقابلے میں سبزیوں کی برآمد میں 18.46فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا جبکہ اگست 2012کے مقابلے میں بھی ستمبر 2012کے دوران برآمدات میں 23.79فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔