ملک میں تشدد کی سیاست ایم کیو ایم نے متعارف کرائی: عامر ڈوگر
ملتان (جنرل رپورٹر) تحریک انصاف کے رہنما و رکن قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ ملک میں تشدد کی سیاست کو ایم کیو ایم نے متعارف کروایا اور آج بھی وہ اسی راہ پر گامزن ہے۔ جس کا بین ثبوت کراچی میں تحریک انصاف کے کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ سنگین نتائج کی دھمکیاں ہیں لیکن اب وہ وقت گزر چکا ہے اور کراچی کے عوام عمران خان کو نجات دہندہ سمجھتے ہیں اور این اے 256 کے الیکشن میں تحریک انصاف عوام کی تائید سے کامیابی حاصل کرے گی اور ایم کیو ایم کی تشدد پر مبنی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں دونوں پارٹیوں نے عوام کو قتل و غارت‘ ٹارگٹ کلنگ‘ بھتہ خوری‘ اغواءبرائے تاوان‘ قبضہ مافیا اور بدامنی کے سوا کچھ نہیں دیا جس کی وجہ سے کراچی کے عوام سخت مایوسی کا شکار رہی ہے اور آج عمران خان کراچی کے عوام کیلئے مسیحا بن کر میدان عمل میں ہیں اور کراچی کے عوام کو ایم کیو ایم کی غلامی سے نجات دلائیں گے۔ دریں اثناءممبرقومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ (ورکرز اتحاد) نظریاتی کارکنوں کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے اور اس میں شامل تمام کارکن بہت اچھے انداز میں عمران خان کے مشن کو آگے لیکر بڑھ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے (ورکرز اتحاد) کے عہدیداران سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان تحریک انصاف ایک منظم جماعت ہے اور جس جمہوری انداز میں اس جماعت نے اپنے انٹرا پارٹی الیکشن کرائے اس کی مثال ملکی تاریخ میں نہیں ملتی۔