کوئی گرفتاری نہیں کی، عمران فسطائی جماعت کے سربراہ ہیں: ترجمان حکومت پنجاب
لاہور (خصوصی رپورٹر) حکومت پنجاب کے ترجمان زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ وہ عمران خان کو چیلنج کرتے ہیں کہ صوبے کے وسائل سے محدود مدت میں خیبر پی کے میں میٹرو بس کا منصوبہ بنا کر دکھائیں جس طرح وزیراعلیٰ شہباز شریف نے 11 ماہ کی مختصر مدت میں بنایا۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس کو جنگلا بس کہنے والے ایشین ڈویلپمنٹ بنک سے 170 ملین ڈالر کا قرضہ حاصل کر کے 24 ماہ میں میٹرو بس پشاور بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا حکومت نے تحریک انصاف کا کوئی کارکن گرفتار نہیں کیا۔ فسطائی جماعت ویسے ہی واویلا کر رہی ہے البتہ سرگودھا میں تحریک انصاف کے جعلی ادویات اور انجکشن فروخت کرنے والے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت جلسے جلوس میں رکاوٹ ڈالنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو مرکز اور صوبائی اسمبلی پنجاب میں اپوزیشن اور خیبر پی کے میں حکوم ت کرنے کا مینڈیٹ عوام نے دیا تھا لیکن وہ دونوں مینڈیٹ نبھانے میں ناکام رہے۔ کنٹینر پر کھڑے ہو کر ایمانداری کا درس دینے والے عمران خان ممبران اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز دیئے جانے کے خلاف تھے لیکن خیبر پی کے میں انہوں نے اپنے عزیزوں رشتے داروں میں ساڑھے نو ارب روپے تقسیم کئے۔ انہوں نے بائیومیٹرک سسٹم کے تحت بلدیاتی الیکشن کروانے کا اعلان کیا تھا اب الیکشن کمشن کو لکھ دیا ہے، انہیں بائیومیٹرک سسٹم کے بغیر الیکشن کروانے کیلئے کیوں روکا ہے۔ پنجاب حکومت عمران خان کے جلسے جلوسوں کی سکیورٹی پر 7 ارب روپے خرچ کر چکی ہے۔ این این آئی کے مطابق زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ عمران خان قبضہ گروپوں ، جعلسازوں اور قرضہ خوروں کی سرپرستی بند کریں، 30 نومبر کے جلسے کی ناکامی نوشہ دیوار ہے، عمران خان اور ان کے ساتھی اپنی سبکی مٹانے کے لئے پنجاب حکومت پر بے جا الزامات لگا رہے ہیں، حکومت کی رواداری اور جمہوریت پسندی کو ریاست کی کمزوری نہ سمجھا جائے، ریاست کی رٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ عمران خان سیاسی جماعت کے نہیں بلکہ فاشسٹ تنظیم کے سربراہ ہیں جنہوں نے ہمیشہ کارکنوں کو جلاؤ گھیرا ؤ کے لئے اکسایا ہے۔