حکومت ان کا استعفیٰ قبول نہیں کر رہی‘ ہم‘ آپ چھیڑنے والے کون ہیں: ہائی کورٹ
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کے لئے دائردرخواست کی سماعت تین دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلا کو حتمی دلائل کے لئے طلب کر لیا۔ جبکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کے لئے دائر درخواست نمٹا دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس خالد محمود خان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کے رو برو درخواست گزار کے وکلاء نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور شیخ رشید اپنی تقاریر میں حکومت کو غیر آئینی طریقے سے گھر بھجوانے کی باتیں کرتے ہیں جو کہ آئین کے آرٹیکل چھ سے متصادم ہے۔ فاضل عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ حکومت تحریک انصاف کے استعفے تو منظور نہیں کر رہی پھر اس مسئلے پرعدلیہ کو کیوں گھسیٹنا چاہتی ہے۔اپوزیشن عمران خان نہیں بلکہ خورشید شاہ ہیں۔خورشید شاہ تو حکومت کی مخالفت نہیں کر رہے۔پارلیمنٹ دھرنوں کے خلاف قرار داد لا سکتی ہے۔اگر حکومت جلسوں کی اجازت دیتی ہے تو عدالت کیا کرے۔درخواست گزار کے وکلاء کے دلائل جاری تھے کہ عدالت نے عمران خان کے خلاف درخواست کی مزید سماعت تین دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو حتمی دلائل کے لئے طلب کر لیا۔ شیخ رشید کے خلاف درخواست میں سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اس مقدمے میں شیخ رشید کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے۔ جس پر عدالت نے سرکاری وکیل کے بیان کی روشنی میں یہ درخواست نمٹا دی۔