کوئٹہ میں ریلوے ٹریک پر دھماکہ ‘ لاہور آنے والی ٹرین حادثے سے بال بال بچ گئی

کوئٹہ (نوائے وقت نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) کوئٹہ میں سریاب کے علاقے میں ریلوے ٹریک پر بم دھماکہ ہوا جس سے لاہور آنیوالی مسافر ٹرین تباہی سے بال بال بچ گئی۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ سے لاہور جانیوالی کوئٹہ ایکسپریس سریاب کے علاقے موسیٰ کالونی سے گزر رہی تھی۔ نامعلوم افراد نے ریلوے ٹریک کے نیچے بم نصب کر رکھا تھا۔ دھماکے کے باعث پٹڑی معمولی ٹیڑھی ہو گئی اور ٹرین کی ایک بو گی کو معمولی نقصان پہنچا جبکہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ڈرائیور نے ٹرین کو قریبی سٹیشن جا کر گاڑی روکدی۔ بعدازاں ضروری کارروائی کے بعد ٹرین کو لاہور کےلئے روانہ کر دیا گیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکے میں 2کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔ادھر ضلع مستونگ کے علاقے دشت میں نامعلوم افراد نے نجی کنٹینر کو آگ لگا دی۔ لیویز ذرائع کے مطابق کنٹینر کراچی سے چمن جارہا تھا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔