وزیراعظم آزاد کشمیر کیخلاف عدم اعتماد، 3 وزراءبرطرف، جمعہ کو یوم تشکر منانے کا اعلان

مظفرآباد (آن لائن+ ثناءنیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر نے تحریک عدم اعتماد میں حصہ لینے والے تین وزراءکو برطرف کر دیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی‘ حکومت کیخلاف سازشوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر وزراءعلی شان سونی‘ اظہر گیلانی اور اکبر ابراہیم کو برطرف کیا۔ ثناءنیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر نے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر جمعة المبارک کو ”یوم تشکر“ کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا۔ پاکستان میں بھی پی پی تقریبات منعقد کریگی۔ وزیراعظم پاکستان نوازشریف سے خصوصی اظہار تشکر ہوگا۔ پارٹی کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید نے گزشتہ روز ایوان وزیراعظم میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا 23 رمضان بروز جمعة المبارک ریاست جموں و کشمیر کے دونوں اطراف، پاکستان کے چاروں صوبوں اور دنیا بھر میں ”یوم تشکر “ کے طور پر منایا جائیگا۔ انہوں نے کہا جمعہ کو سحر سے نماز فجر تک قرآن خوانی سے دن کا آغاز کیا جائیگا۔ جمعة المبارک کے بڑے اجتماعات میں مساجد میں اجتماعی دعاﺅں کے علاوہ شکرانے کے نوافل اداکیئے جائیں گے صدقات و خیرات کے ساتھ تمام ضلعی تحصیل سٹی ہیڈکوارٹرز پر افطار پارٹیوں کا انعقاد کیا جائیگا۔