نوابشاہ: شالیمار ایکسپریس کا کمپریسر دھماکے سے پھٹ گیا، گارڈ سمیت دو افراد زخمی

نوابشاہ+ دوڑ (نامہ نگاران) نوابشاہ کے قریب لاہور سے کراچی جانے والی نائٹ کوچ شالیمار ایکسپریس ٹو کی ایک نمبر بوگی کا اے سی کمپریسر دھماکے سے پھٹ گیا، بوگی کے ایک حصے کو شدید نقصان پہنچا۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ بوگی کی چھت اڑ گئی جبکہ ٹرین کے گارڈ سمیت دو مسافر زخمی ہوگئے۔ کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس II جیسے ہی تین بجکر پچاس منٹ پر دوڑ ریلوے سٹیشن کے قریب پہنچی تو ٹرین کی اے سی بوگی 4680-2 میں نصب اے سی کمپریسر دھماکے سے پھٹ گیا۔ ٹرین کے پرائیویٹ گارڈ نے بتایا کہ دھماکہ کی شدت بہت زیادہ تھی جس کے باعث شیشے ٹوٹ گئے۔ مسافروں نے بتایا دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ بوگی اور ٹرین کے مسافروں میں افراتفری مچ گئی۔ دوڑ سٹیشن پر ٹرین20 منٹ رکی رہی۔ ٹرین کو نواب شاہ ریلوے سٹیشن لایا گیا جہاں بم ڈسپوزل سکواڈ نے معائنہ کرکے ابتدائی رپورٹ میں بم دھماکے کے امکان کو مسترد کردیا۔ تین گھنٹوں بعد ٹرین کو کلیئر کرکے کراچی کے لئے روانہ کردیا گیا۔