بھارتی فوج کی ہفتے میں تیسری بار ایل او سی کی خلاف ورزی، الٹا پاکستان پر الزام عائد کردیا

بھارتی فوج کی ہفتے میں تیسری بار ایل او سی کی خلاف ورزی، الٹا پاکستان پر الزام عائد کردیا

کوٹلی(آئی این پی) بھارتی فوج نے ایک ہفتے میں تیسری بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کوٹلی کے قریب کوٹیرا سب سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی، پاک فوج کی بھر پور جوابی کارروائی نے بھارتی گنیں خاموش کرا دیں۔ عسکری حکام کے مطابق بھارتی فوج نے ایک ہفتے میں سیز فائر معاہدے کی تیسری مرتبہ خلاف ورزی کی اور اشتعال انگیزی کرتے ہوئے کوٹلی کے قریب کوٹیرا سب سیکٹر میں بھاری ہتھیاروں سے پاکستانی پوسٹوں پر بلااشتعال فائرنگ کی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب بھارت کے فوجی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستانی فوج نے لائن آ ف کنٹرول پر چار روز میں دوسری بار سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹ پرچھوٹے اور خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی جس پر بھارتی فوج نے جوابی کارروائی کی۔ بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے چھوٹے اور خودکار ہتھیاروں سے لائن آف کنٹرول پر ضلع راجوری کے علاقے بھمبر گلی میں واقع بھارتی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی جس کے جواب میں بھارتی بارڈر فورسز نے جوابی کارروائی کی۔ ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان یا کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 25 اپریل کو پاکستانی فوج نے لائن آف کنٹرول کے ضلع پونچھ کے علاقے ڈوڈہ بٹالین میں بھارتی پوسٹ پر چھوٹے ہتھیاروں اور مارٹر گولوں کے ساتھ فائرنگ کی تھی۔ پاکستان کے احتجاج پر اس نے الٹا پاکستان پر الزام تراشی شروع کردی۔