کچھ لوگ بلوچستان کو توڑنا چاہتے ہیں: کمانڈر سدرن کمانڈ

کوئٹہ (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) کمانڈر سدرن کمانڈ کوئٹہ ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ کچھ لوگ بلوچستان کو توڑنا چاہتے ہیں، دہشت گرد حکومت کو ناکام بنانا چاہتے ہیں۔ پاک افواج کی زیر نگرانی دہشت گردی کے خلاف بلوچستان پولیس کی چوتھے دستے کی تربیت مکمل ہوگئی، پاک افواج کے ماہر کمانڈوز نے پولیس کے جوانوں کو اونچی عمارتوں سے نیچے اترنے، وی آئی پی پروٹیکشن، مغویوں کی بحفاظت بازیابی، چلتی موٹر سائیکل اور گاڑیوں سے نشانہ لگانے  اور دہشتگردوں سے نمٹنے کی تربیت دی۔  پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان دہشت گردی اور بہت سارے دشمنوں میں گھرا ہوا ہے، ہمیں بہت سے دشمنوں سے نبردآزما ہونا ہے، بلوچستان کی عوام کو دہشت گردی سے محفوظ رکھیں گے۔ پاسنگ آٹ پریڈ کی تقریب میں اہل کاروں نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے تربیت کے معیار کو سراہا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان، لیفٹیننٹ جنرل ناصرخان جنجوعہ اور ایڈیشنل آئی جی پولیس احسن محبوب نے تربیت کے دوران  بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اور آر آر جی کے جوانوں میں  انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ پہلے سے آزاد بلوچستان میں آزادی ڈھونڈنے والے کونسی آزادی کے متقاضی ہیں، ضرب عضب کے نتیجے میں وہاں سے نکلے ہوئے لوگ ملک میں افرا تفری پھیلانا چاہتے ہیں۔ پولیس ان مشکل حالات میں خود کو تنہا نہ سمجھے، پاکستان آرمی اور اس کے تمام اثاثے بلوچستان پولیس کے  ساتھ ہیں۔  لیفٹینٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے کہاکہ پولیس کے جوانوں نے انتہائی مختصر عرصے میں لگن اور محنت سے جو تربیت حاصل کی اس پر پولیس کے جوان اور آرمی کے اساتذہ مبارکبادکے مستحق ہیں پولیس کے جوانوں کا جذبہ دیکھ کر ہمارے بھی حوصلے بلند ہوئے، دشمن کے سامنے اس طرح سیسہ پلائی دیوار بننا ہوگا کہ اس کے تمام  عزائم خاک میں مل جائیں۔ انہوں نے کہاکہ آج قومی پرچم ملک کے جوانوں کے ہاتھ میں ہے۔ جو نوجوان کسی کے بہکاوے میں آکر اپنے بہن بھائیوں کی جانیں لے رہا ہے میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ کسی کے بہکاوے میںآکر اپنے وطن کے لوگوں کو نہ مارو، کوئٹہ میں جرائم کے خاتمے کیلئے  موٹرسائکل پولیس فورس کا آغاز کرنے جا رہے ہیں جبکہ 15سروس کی طرز پر وزیراعلیٰ بلوچستان کی سربراہی میں ایک امدادی سروس بھی شروع کی جا رہی ہے۔