بہاولپور: انٹری ٹیسٹ کیخلاف طلباء کا ننگے پاؤں احتجاج،مرسوں مرسوں ٹیسٹ نہ ڈیسوں کے نعرے‘ گو نواز گو کی بھی صدا گونجتی رہی

بہاولپور (آن لائن) بہاولپور میں ایک نجی کالج کے ٹیچرز نے میڈیکل ٹیسٹ میں مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہونے پر اپنی کوتاہی کو چھپانے کیلئے طلباء کو احتجاج کا راستہ دکھا دیا۔ اس موقع پر طلباء نے احتجاجی کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے ۔طلباء نے ننگے پاؤں علامتی احتجاج کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کے نعرے کی نقل اتارتے ہوئے مرسوں مرسوں ٹیسٹ نہ ڈیسوں کے نعرے بھی لگا دیئے جبکہ احتجاج میں گو نواز گو کی بھی صدا بھی گونجتی رہی۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا میڈیکل انٹری ٹیسٹ طلباء کے ساتھ ناانصافی ہے اور حقدار طلباء داخلوں سے محروم ہو رہے ہیں۔ انٹری ٹیسٹ کو فوری طور پر بند کرایا جائے اور اوپن میرٹ پر داخلوں کا اجراء کیا جائے۔ طلباء مظاہرین نے پریس کلب سے یونیورسٹی چوک تک ریلی بھی نکالی۔