سینٹ انتخابات: بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی (ف) کا اتحاد

کوئٹہ(آن لائن+نوائے وقت رپورٹ) انتخابات کیلئے بلوچستان میں مسلم لیگ(ن) اور جے یو آئی(ف) نے اتحاد کرلیا،اتحاد ہارس ٹریڈنگ روکنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔گزشتہ روز مسلم لیگ(ن) اور جے یو آئی(ف) کے درمیان مذاکرات کے بعد پارلیمانی رہنما ثناء اللہ زہری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اور جے یو آئی(ف) نے بلوچستان میں مل کر سینیٹ کے انتخابات میں حصہ لیں گی،ہمارا یہ اتحاد ہارس ٹریڈنگ روکنے کی کوشش کا حصہ ہے اور دونوں جماعتیں ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کیلئے کردار ادا کریں گی جبکہ عبدالغفور حیدری نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات دونوں جماعتیں ملکر لڑیں گی ۔علاوہ ازیں  سابق صدر  آصف  علی زرداری نے   بی این پی  عوامی کے سربراہ  اسرار اللہ زہری  سے  سینٹ انتخابات  اور ملک کی  سیاسی صورتحال  پر تبادلہ خیال کیا۔ سابق صدر نے  جمعہ کے روز  اسرار اللہ زہری کو فون کیا ، دونوں  رہنمائوں کے درمیان سینٹ انتخابات  ، ہارس ٹریڈنگ  روکنے کیلئے اقدامات  ، ملک کی سیاسی صورتحال  اور دیگر  امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔