دہشت گردوں کے پاس گلگت جیل کی 17 فٹ اونچی دیوار پھاندنے کا مکمل سامان تھا

گلگت (نوائے وقت رپورٹ) گلگت بلتستان جیل سے سانحہ نانگا پربت میں ملوث دہشت گردوں کے فرار کے حوالے سے چونکا دینے والے انکشافات سامنے آ گئے۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق دہشت گردوں نے مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ جیل سے فرار ہونے کی تیاری کر رکھی تھی۔ اس حوالے سے راہ ہموار کرنے کیلئے جیل عملے کو لاکھوں روپے رشوت دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں کو پلاننگ کے تحت عملے نے گذشتہ روز لاک اپ میں بند نہ کیا۔ قیدی ڈسپنسر کے کمرے کی جالی کاٹ کر جیل کمپائونڈ میں پہنچے اور عملے کی مدد سے لاک سسٹم توڑا۔ پروگرام کے تحت جیل کی 17 فٹ اونچی دیو ار کو پھلانگنے کا مکمل سامان اور پستول دہشت گردوں کو جیل کے اندر سے ہی فراہم کیے گئے۔ گذشتہ رات ڈھائی بجے کے قریب جب جیل کا عملہ اور قیدی خواب خرگوش کے مزے لے رہے تھے۔ دہشت گردوں نے اپنی کارروائی شروع کر دی۔