حکومت شکست کے خوف سے بلدیاتی انتخابات نہیں کرارہی: منظور وٹو

ساہیوال (نامہ نگار )پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں پچاس پچاس ،ساٹھ ساٹھ ارب روپے سڑکوں پر خرچ کرکے پنجاب کے دیگر اضلاع کا حق چھین لیا ہے اُنہوںنے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پراونشل مالیاتی ایوارڈ کمشن تشکیل دیا جائے اور اس کے تحت تمام اضلاع کو ترقیاتی فنڈز تقسیم کئے جائیں ۔وہ ساہیوال میں ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔ اُنہوں نے موجودہ حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ شکست کے خوف سے بلدیاتی انتخابات نہیں کروا رہی ہے اُن کو علم ہے کہ وہ عوام میں بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ، مہنگائی ،بے روزگاری کی وجہ سے اعتمار کھو چکی ہے اسلئے عوام اُن کا ساتھ نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے اور پارٹی نے ہمیشہ ملک کی سالمیت اور جمہوریت کی بقاءکے لئے اپنے لیڈران کی قربانیاں دی ہیں ۔ پارٹی کے تنظیمی امور پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس وقت پارٹی کی تنظیم نچلی سطح سے لے کر اوپر تک مکمل ہو چکی ہے ۔اُنہوںنے حکم دیا کہ دیہاتوں میں وارڈز وائز تنظیمیں بنائی جائیں ۔
منظور وٹو