اورکزئی: زیر تعمیر کالج میں بم دھماکہ، پشاور میں گاڑی سے اسلحہ برآمد

اورکزئی ایجنسی + پشاور (نوائے وقت نیوز + بی بی سی اردو) اورکزئی ایجنسی میں ایک زیر تعمیر کالج میں بم دھماکہ سے اسکا ایک حصہ تباہ ہوگیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں پشاور کے علاقے متنی میں کارروائی کے دوران گاڑی سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق پک اپ سے 15 بندوقیں اور سینکڑوں کارتوس برآمد ہوئے۔ 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا اور گاڑی کو قبضے میں لے لیا گیا۔ علاوہ ازیں اورکزئی ایجنسی کی پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق اورکزئی، لوئر اورکزئی ایجنسی کے صدر مقام کلایہ میں بازار کے علاقہ میں نامعلوم افراد نے علاقے میں تعمیر ہونیوالے لڑکوں کے کالج میں دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا جو دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے باعث کالج کا ایک حصہ تباہ ہوگیاجس میں برآمدہ اور چار کے قریب کمرے شامل ہیں۔ تاہم ابھی تک کسی تنظیم کی طرف سے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔