مولوی کیا سر پر بیٹھ کر دیکھے گا تشدد ہلکا ہے یا نہیں: رانا ثنا
لاہور (خصوصی نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اسلامی نظریہ کو نسل کی سفارشات پر پنجاب اسمبلی نے مناسب سمجھا تو ترمیم کی جائے گی، ہم اس پر قانونی طور پر عمل درآمد کرنے کے پابند نہیں۔ وزیر اعلیٰ کسانوں کیلئے جلد 100ارب کے پیکج کا اعلان کریںگے۔ علی عمران کی تمام 18جائیدادوں کی تحقیقات کو حکم دے دیا گیا۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا اسلامی نظریہ کونسل کی جانب سے ابھی پنجاب ا سمبلی کو کوئی سفارش نہیں بھجی گئی انہوں نے کہا علی عمران کی پراپرٹی کے حوالے سے غلط باتیں پھیلائی جارہی ہیں ان کی جو تمام 18جائیدادیں ہیں ان کی تحقیقات کا حکم دی دیا ہے۔ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں ان سے رانا ثنا اور حمزہ شہباز بھی نہیں بچ سکتے۔ لیکن چند مخصوص لوگ اس کو وزیر اعلیٰ کے ساتھ منسوب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ملزم کوئی بھی ہو اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ رانا ثنا نے کہا ہلکے اور بھاری تشدد کا فیصلہ کرنا مشکل ہو گا اسلام میں تشدد کے لفظ کی ہی گنجائش نہیں۔ مولوی کیا سر پر بیٹھ کر دیکھے گا تشدد ہلکا ہے یا نہیں۔