غیرملکی سازشوں کے باعث قائداعظمؒ کے پاکستان کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے: علی گیلانی

غیرملکی سازشوں کے باعث قائداعظمؒ کے پاکستان کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے: علی گیلانی

سرینگر (کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ غیر ملکی سازشوں کے باعث قائد اعظمؒ کے پاکستان کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے ۔ بھارت میں 1947ءکے بعد مسلمانوں کے ساتھ اچھا سلوک روا نہیں رکھا گیا ۔ جس کی وجہ سے پاکستان کی اہمیت میں اور اضافہ ہو گیا ۔ سید علی گیلانی نے قائد اعظمؒ کی قائدانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظمؒ نے ایک ایسی مملکت کا تصور دیا جس میں اقلیتوں کے حقوق کا بھی تحفظ کیا گیا ۔ پاکستان قائم کر کے محمد علی جناحؒ نے ایک تاریخ رقم کر دی ۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ قائد اعظمؒ سیاسی بصیرت ، ویژن کے باعث کشمیر سے خصوصی لگاﺅ رکھتے تھے اور انہیں کشمیر کے سیاسی مستقبل سے خصوصی دلچسپی تھی ۔ انہوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے باعزت حل کے لئے آواز اٹھائی ۔ سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ قائد اعظمؒ مسئلہ کشمیر کے سیاسی مستقبل اور نظریہ پاکستان کے حوالے سے کسی ابہام کا شکار نہیں تھے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے دیگر رہنماﺅں نے بھی قائد اعظمؒ کے یوم ولادت پر خراج تحسین پیش کیا ۔