حافظ آباد، بدبخت نے ماں کو بدچلنی کے شبہ میں قتل کرکے نعش نہر میں بہا دی

حافظ آباد+ پنڈی بھٹیاں+ جلالپور بھٹیاں (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگاران)   حافظ آبادکے نواحی گائوں کوٹ نکہ میں بدبخت بیٹے نے غیرت کے نام پر اپنی ماں کو قتل کر کے لاش جھنگ برانچ نہر میں پھینک دی۔ پولیس نے ملزم اور اسکے کزن کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا جبکہ ریسکیو1122کے غوطہ خوروں نے لاش کی تلاش شروع کردی۔ نواحی گائوں کوٹ نکہ کے رہائشی علی حسن کو اپنی والدہ رخسانہ بی بی کے کردار پر شک تھا جس پر ماں بیٹے میں اکثر جھگڑا بھی ہوتا رہتا تھا، ملزم علی حسن نے اپنے کزن قلب عباس سے ملکر اپنی والدہ کو قتل کر کے نعش پتھر کے ساتھ باندھ کر جھنگ برانچ نہر میں پھینک دی۔ پولیس تھانہ صدر پنڈی بھٹیاں نے مقدمہ درج کر کے دونوں ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ دوران تفتیش ملزم علی حسن نے اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے اپنی والدہ کو بدچلنی پر قتل کیا۔