جڑانوالہ: مخالف گروپ کی گھات لگاکر فائرنگ، زمیندار اور لڑکا قتل

جڑانوالہ (نامہ نگار) سرکاری احاطہ سے مٹی اٹھانے سے منع کرنے پر ایک پارٹی نے اشتعال میں آکر فائرنگ کرکے مخالف زمیندار اور کھیلتے ہوئے بچے کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا، دیگر 2 بچے شدید زخمی ہو گئے۔ تحصیل جڑانوالہ کے چک نمبر 278/ گ۔ب شیر دا چک میں گذشتہ روز حاجی صلابت علی کھرل اور اسکے بیٹوں محمد یوسف اور محمد اسحاق وغیرہ نے اسی گائوں کے حق نواز کھرل کے زیر قبضہ سرکاری احاطہ سے ٹریکٹر ٹرالی سے مٹی اٹھائی جس پر دونوں گروپوں کا جھگڑا ہو گیا مگر لوگوں نے بیچ بچائو کرا دیا۔ گذشتہ روز صبح 10بجے حق نواز اپنے بیٹے رب نواز کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار جڑانوالہ جا رہا تھا کہ راستہ میں حاجی صلابت علی کھرل اس کے بیٹوں محمد یوسف محمد اسحاق نے اپنے 9 ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر دی جس سے حق نواز اور قریب کھیلتا ہوا ایک 12سالہ لڑکا محمد اظہر ساکن لاشاریاں اوکاڑہ موقع پر ہلاک جبکہ حق نواز کا بیٹا رب نواز اور 9 سالہ محمد عدنان شدید زخمی ہو گیا۔ زخمیوں کو فیصل آباد ہسپتال پہنچایا گیا تھانہ روڈالہ روڈ پولیس نے مقتول حق نواز کی بیوہ دولت بی بی کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرکے قاتلوں کی تلاش شروع کردی۔ مقتول حق نواز 5 بچوں کا باپ تھا۔