پارٹی قائدین اور کارکن عید فوجی جوانوں آئی ڈی پیز کیساتھ منائیں: بلاول بھٹو زرداری
کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ عیدالفطر فوجی جوانوں کے اہلخانہ اور آئی ڈی پیز کے ساتھ منائیں جو آپریشن ضربِ عضب میں حصہ لیکر ہماری زندگیوں کو محفوظ بنا رہے ہیں۔ اپنے پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پاک فوج کے جوان وطن کی خاطر عظیم قربانیاں دیکر جہاد کر رہے ہیں۔ وہ ملکی و غیرملکی دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی مانند ڈٹ کر جنگ لڑ رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما اور کارکن فوجی جوانوں کے بچوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔ جب ہم پاک فوج اور آئی ڈی پیز کے ساتھ عید منائیں گے تو دنیا میں یہ پیغام جائیگا کہ پاکستانی قوم دہشت گردوں کیخلاف متحد و منظم ہے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ عیدالفطر کے موقع پر اپنی خوشیوں میں دس لاکھ آئی ڈی پیز کو شامل کریں۔ دہشت گردی ایک ایسا کینسر ہے جس سے ہماری پوری قوم متاثر ہو رہی ہے۔ اس عید پر ہمیں یہ خوشی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں یہ طاقت بخشی ہے کہ ہم دہشت گردوں کے خلاف صف آرا ہوئے۔ بنیاد پرست، انتہا پسند، اسلام کا غلط رخ پیش کر کے ہمیں آپس میں لڑا رہے ہیں۔ ہمیں اس عید پر پیار و محبت اور ایک دوسرے کی رائے کا احترام کرنے کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے حارث سلیمان کے انتقال پر بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔