ڈی سی او سرگودھا کا عوامی تحریک کو سپورٹس سٹیڈیم میں جلسہ کی اجازت دینے سے انکار، پی اے ٹی کی دھرنا دینے کی دھمکی

سرگودھا (نامہ نگار) ڈی سی او سرگودھا نے علامہ طاہر القادری کے جلسہ کیلئے سرگودھا سٹیڈیم دینے سے انکار کردیا۔ پی اے ٹی کے ضلعی عہدیدار نے ڈی سی او پر واضح کردیا کہ جلسہ سرگودھا سپورٹس سٹیڈیم میں ہی ہوگا۔ گزشتہ روز عوامی تحریک کے مقامی عہدیداروں چوہدری فہیم حیدر چیمہ‘ محمد عمران ملک‘ میاں ماجد حیات‘ چوہدری محمد اشرف چدھڑ نے ڈی سی او سرگودھا ثاقب منان سے ملاقات کی اور انہیں عوامی تحریک کے 5 دسمبر کو کیلئے سرگودھا سپورٹس سٹیڈیم کیلئے درخواست دی۔ ڈی سی او نے پی اے ٹی کے وفد کو سٹیڈیم میں جلسہ کی اجازت دینے سے انکار کردیا جس پر عوامی تحریک کے وفد نے کہا عوامی تحریک کا جلسہ 5 دسمبر کو سپورٹس سٹیڈیم میں ہی ہوگا جس میں ہمارے ایک لاکھ مرد‘ خواتین اور بچے شریک ہونگے اگر آپ نے اجازت نہ دی تو پی اے ٹی کے عہدیداران ڈی آئی جی آفس سے ڈی سی او آفس تک دھرنا دینگے۔