نواز، زرداری کا وقت ختم، تحریک انصاف سندھ تقسیم نہیں ہونے دیگی: شاہ محمود

نواز، زرداری کا وقت ختم، تحریک انصاف سندھ تقسیم نہیں ہونے دیگی: شاہ محمود

عمر کوٹ (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کرپٹ حکمرانوں سے نجات کا وقت آ گیا۔ عمر کوٹ میں دیوالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اب بھٹو نہیں، آصف زرداری کی پارٹی بن گئی۔ عوام نورا کشتی کو سمجھ چکے، 21 نومبر کو لاڑکانہ میں جلسہ کرینگے۔ تحریک انصاف سندھ کی تقسیم نہیں ہونے دیگی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میں زر یا زرداری کی سیاست کرنے سندھ نہیں آیا ‘فقیر کا بیٹا ہوں نہ کبھی جھکا ہوں نہ بکا ہوں‘ سندھ میں ظالموں کا مقابلہ کرنے آ یا ہوں‘ کیا میراساتھ دو گے؟ نواز شریف اور آصف زرداری کا وقت گزر گیا ہے، اب تحریک انصاف کی باری آئے گی۔ عمران خان کو سندھ لا رہا ہوں، تحریک انصاف سندھیوں کے حقوق دلوائے گی اور سندھ کو تقسیم ہونے سے بچائیگی۔