قوم جج اور نواز شریف اسکے متفقہ امپائر ہیں، عمران کلین بولڈ ہوچکے: رانا تنویر

مریدکے (نامہ نگار) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ قوم جج جبکہ وزیراعظم نواز شریف اس کے متفقہ امپائر ہیں، عمران خان کلین بولڈ ہوکر ضد کررہے ہیں، نواز شریف ملک کے مسیحا ہیں اور قوم کی مسیحائی کرکے دم لیں گے۔ ہم اگر پی پی 162 میں ہار جاتے تو کھلے دل سے شکست تسلیم کرلیتے نہ کہ عمران کی طرح دھرنا دیتے۔ جمعہ کے روز رانا فارم ہاﺅس میں نومنتخب ایم پی اے حسان ریاض کے ہمراہ جیت کی خوشی میں کارکنان سے خطاب میں انہوں نے کہا بدقسمتی سے قوم میں برداشت ختم ہوتی جارہی ہے جن میں سیاستدان بھی شامل ہیں۔ یہ پالیسی ملک و ملت کیلئے انتہائی تباہ کن ہے۔ عمران خان جس طرح طاہر القادری کے دھرنے کے بعد بھی جذباتی بیان دے رہے ہیں وہ ملکی سیاست کے لئے نیک شگون نہیں ہے۔ حالانکہ وزیراعظم نواز شریف نے طاقت کے باوجود صبر کا مظاہرہ کیا۔ عمران خان قوم کی جان چھوڑ دیں قوم ان کا دھرنا چھوڑ چکی ہے۔ دھرنوں نے بہت نقصان کرلیا اب ہمیں کام کرنے دیں۔