قوم ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والے بازی گروں کو مسترد کر دے: صدر ممنون

قوم ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والے بازی گروں کو مسترد کر دے: صدر ممنون

بہاولپور (نامہ نگار+ نوائے وقت نیوز)  صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کو جتنا خراب کیا جاسکتا تھا ،کرلیا گیا، اسے مزید خراب نہیں کیا جاسکتا، نوجوانوں کو روزگار فراہم کرکے شدت پسندی کے مسئلے کا حل نکالا جاسکتا ہے، ملک کی ترقی کے لئے اچھے کام بھی نہیں کرنے دیئے جاتے، ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والے بازی گروں کو قوم مسترد کر دے، یہ حقیقت اپنی جگہ مسلم ہے کہ ماضی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان اقتصادی ابتری کا شکار ہے۔ بہاول پور اکنامک ڈویلپمنٹ فورم کے استقبالیہ اور اسلامیہ یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو کرپشن نے بے انتہا نقصان پہنچایا، جس کے نتیجے میں قومی خزانہ خالی ہوگیا۔ پاکستان کو جتنا خراب کیا جاسکتا تھا، کرلیا گیا، اسے مزید خراب نہیں کیا جاسکتا۔ اب یہ ٹھیک ہوگا اور پوری قوم مل کر اس ملک کو قائد اعظم کے خوابوں کی تعبیر دینے میں کامیاب ہوجائے گی۔ صدر  نے کہا کہ انہیں وزیراعظم نے بتایا کہ اقتصادی بدحالی کی وجہ سے انہیں راتوں کو نیند نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ بہاول پور کی ترقی کے لئے حکومت کی پالیسیاں غیر معمولی اہمیت کی حامل ہیں۔ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی طرف  سے ریور ستلج لیک پارک سمیت دیگر منصوبے بھی بہاولپور کے انفراسٹرکچر اور سماجی شعبوں میں بہتری لانے کے ضمن میں غیر معمولی اہمیت کے حامل ثابت ہوں گے۔  صدر مملکت نے کہا کہ قوم کا ہر فرد ہر مصلحت کو بالائے طاق رکھ کر قومی تعمیر نو کے عظیم کام میں مصروف ہوجائے تاکہ اکنامک کاریڈور کا عظیم الشان منصوبہ ہو یا بجلی کی پیداوار، ان کے مکمل ہونے کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہوسکے۔  صدر ممنون حسین نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے اختلافات کے  گندے کپڑے سڑکوں پر نہیں دھوتیں۔ قوم ایسی قیادت کو منتخب کرے جو قومی تعمیر کی بھاری ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا سکتی ہو۔ ایسے لوگوں کو نہ چنیں جو نہ کوئی ویژن رکھتے ہوں نہ کام کرنے کا جذبہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں معاشی خوشحالی لانے کے لئے دن رات کام کر رہی ہے۔ عظیم دوست ملک چین کی وجہ سے معاشی راہ داری حقیقت کا روپ دھارنے کے بعد ہمارے روشن مستقبل کی کنجی ثابت ہو گی۔