کھرڑیانوالہ: ہیضہ سے مزید ایک خاتون جاں بحق، مرنیوالوں کی تعداد 5 ہو گئی

کھرڑیانوالہ (نامہ نگار) کھرڑیانوالہ کے نواحی گاﺅں میں ہیضہ کی وبا سے مزید ایک خاتون جاں بحق، 3 روز میں مرنے والوں کی تعداد 5 ہو گئی۔ ہسپتال میں داخل درجنوں افراد کو طبی امداد دینے کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ گاﺅں مجاوراں میں ہیضہ کی وبا پھیلنے سے دیہاتیوں میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے، ای ڈی او ہیلتھ نے فیصل آباد کا مذکورہ گاﺅں کا دورہ کیا۔ گاﺅں چک نمبر 211ر۔ب مجاوراں میں ہیضہ کی مہلک وبا نے گزشتہ 2 روز سے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ گزشتہ 2 روز میں درجنوں افراد ہیضہ کی وبا سے متاثر ہو کر ہسپتال پہنچ گئے تھے جن میں سے خاتون سمیت 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔ آج بھی ہیضہ کی وبا سے متاثر 70 سالہ ایک خاتون سکھاں بی بی زوجہ محمد صالح جاں بحق ہو گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر ای ڈی او ہیلتھ فیصل آباد ڈاکٹر عبدالرﺅف نے محکمہ صحت فیصل آباد کے دیگر افسران کے ہمراہ مذکورہ گاﺅں کا دورہ کیا اور وہاں کے سینکڑوں دیہاتیوں کو ہیضہ کے متعلق احتیاطی تدابیر بتائیں اور مریضوں کے 5 مختلف ٹیسٹ بھی لئے گئے اور محکمہ صحت کے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ پانچ دنوں کے اندر اندر اسکی رپورٹ پیش کی جائے۔