کوئٹہ: میوزک سنٹر پر دستی بم حملہ، ایک جاںبحق، 4 افراد قتل، 2 اہلکار زخمی


کوئٹہ (بیورو رپورٹ + نوائے وقت نیوز) کوئٹہ میں میوزک سنٹر کے باہر بم دھماکے کے نتیجے میں دکاندار جاںبحق ہو گیا۔ قریبی دکانوں اور عمارتوں کے شیٹشے ٹوٹ گئے۔ ادھر پسنی میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا۔ علاوہ ازیں بسیمہ کے علاقے میں 6 نامعلوم مسلح افراد نے ظفر علی نامی شخص کے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ہدایت اللہ عیسیٰ زئی، عبدالرزاق، ڈاکٹر لیاقت علی بادینی موقع پر ہی جاںبحق ہو گئے۔ بلوچستان کے علاقے واشک میں نامعلوم افراد نے لیویز تھانہ پر حملہ کر دیا۔ ادھر بلوچستان کے علاقے مارگٹ سے لیویز کے عملے نے سکیورٹی اہلکار کی نعش برآمد کر لی۔ بلوچستان کے علاقے مند میں سکیورٹی فورسز کے کانوائے پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملے کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ادھر ضلع تربت کے علاقے ٹمپ میں سکیورٹی کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا جس سے دو اہلکار زخمی ہو گئے۔