مریدکے: بجلی کے تاروں سے 5 گھروں کو آگ لگ گئی‘ محنت کش کے 3 بچے جھلس گئے

مریدکے (نامہ نگار) گرمی کی شدت سے مریدکے کی نواحی آبادی میں گھروں کے اوپر سے گزرنے والی ہائی وولٹیج تاروں سے غریب محنت کشوں کے گھروں میں آگ لگ گئی۔ 5 گھر جل گئے جبکہ ایک محنت کش کا 5 لاکھ کا سامان جل کر راکھ اور بچے شدید زخمی ہو گئے۔ واپڈا اور پولیس کا عملہ نہ پہنچا۔ تحصیلدار اور ٹی ایم او موقع پر پہنچ گئے۔ تفصیل کے مطابق مریدکے کی نواحی آبادی نصیر ٹاﺅن چک نمبر 34 منوں آباد میں غریب محنت کشوں کے گھروں کی چھتوں کے اوپر سے گزرنے والی ہائی وولٹیج تاروں نے شدید گرمی کی وجہ سے 5 غریب محنت کشوں کے گھروں کو جلا دیا ایک محنت کش مشتاق احمد کے گھر کا 5 لاکھ کا سامان جل کر راکھ ہو گیا جبکہ اس کے 3 بچے بری طرح جھلس گئے۔ اس کے علاوہ 4 اور گھروں کا سامان اور گھر بھی جل گئے۔ واپڈا اور پولیس کا عملہ اطلاع کے باوجود جائے حادثہ پر نہ پہنچا۔ 1122 کے عملہ نے آگ پر 2 گھنٹے بعد قابو پایا جبکہ دیہاتیوں نے اس موقع پر ایکسیئن واپڈا مریدکے کے خلاف شدید نعرہ بازی کی کہ اطلاع کے باوجود کہ ہمیں تاروں سے خطرہ ہے تاریں ہماری چھتوں سے نہیں ہٹائیں۔