شمالی وزیرستان: بم دھماکہ، سکیورٹی اہلکار شہید،6 زخمی: لورا لائی میں طالبان کمانڈر نے ہتھیار ڈال دئیے

میرانشاہ، کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ + بیورو رپورٹ) شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں ایک اہلکار جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔ میرعلی میں ہونیوالے دھماکے میں زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ علاوہ ازیں کوئٹہ سے اے پی پی کے مطابق بلوچستان کے علاقے لورالائی میں طالبان کمانڈر سید عالم شاہ نے سکیورٹی فورسز کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔ سید عالم شاہ لورالائی، زیارت اور سنجاوی کے کمانڈر تھے۔ علاوہ ازیں پنجگور میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ ارشاد موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ ملزمان فرار ہوگئے۔ دریں اثناء ضلع لورالائی کے علاقے میختر میں ایف سی نے سرچ آپریشن کے دوران دو دہشت گرد گرفتار کرکے بھاری اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔ ملزموں کو خفیہ مقام پر منتقل کرکے تحقیقات شروع کردی گئی۔