رینالہ خورد: پولیس نے 35 سالہ شخص کی 9 سالہ بچی سے شادی رکوا دی

رینالہ خورد (نمائندہ خصوصی) اہل دیہہ نے 35 سالہ دولہا کی 9 سالہ بچی سے شادی ناکام بنا دی، والد نے رقم لیکر فیصل آباد کے رہائشی سے نکاح طے کیا تھا۔ رخصتی کے وقت 9 سالہ بچی اپنے باپ سے لپٹ لپٹ کر روتی رہی، اطلاع پر چوچک پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دولہا چچا اور دلہن کے والدین کو پکڑ لیا، موضع جوڑے کے لیاقت علی نے اپنی 9 سالہ بیٹی سلمیٰ کا رشتہ فیصل آباد کے 35 سالہ سرفراز  سے بھاری رقم لیکر طے کردیا جو گذشتہ روز بارات لیکر گاؤں پہنچ گیا۔ 9سالہ بچی رخصتی کی وقت باپ سے لپٹ لپٹ کر روتی رہی لیکن باپ نے اسکی ایک نہ مانی۔ واقعہ دیکھنے پر اہل دیہہ طیش میں آگئے اور پولیس کو اطلاع دی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر دولہا اور اسکے چچا اور دلہن کے ماں باپ کو حراست میں لے لیا اور کارروائی شروع کردی ہے۔