بنوں: سینکڑوں بچے، خواتین قے، دست میں مبتلا، گرمی سے خاتون جاں بحق

بنوں(ثناء نیوز) شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے باعث متاثرین کی آباد کاری سنگین صورت اختیار کرنے لگی۔ متاثرین کئی گھنٹوں کے سفر کے بعد بنوں پہنچ ر ہے ہیں۔ حالات اس قدر سنگین ہو تے جا رہے ہیں کہ متاثرین کے کئی خاندان کھلے آسمان تلے بیٹھ گئے ہیں اور انہیں سر چھپانے کیلئے کہیں جگہ نہیں مل رہی جبکہ شمالی وزیرستان کے رہائشی زین اللہ کی اہلیہ شدید گرمی کے باعث دم توڑ گئی جبکہ متاثرین کے قافلوں میں شامل سینکڑوں بچے اور خواتین قے اور دست کے مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں جبکہ درجنوں جانور ہلاک ہو گئے ہیں دوسری طرف سپورٹس کمپلیکس میں متاثرین میں ورلڈ فوڈ پروگرام کی جانب سے جو خوراک اور نقد رقوم تقسیم ہو رہی ہے انتہائی بدنظمی کا شکار ہے۔ گزشتہ روز انتظامیہ نے تقسیم کا عمل متاثرین کی طرف سے بدنظمی کی وجہ سے روک دیا جس پر متاثرین میں اشتعال پیدا ہوا اور سپورٹس کمپلیکس کی طرف پتھرائو کیا اور احتجاجا ً بنوں کوہاٹ روڈ کو ہر قسم ٹریفک کیلئے بند کردیا پولیس نے حالات قابو کرنے کیلئے مشتعل متاثرین پر لاٹھی چارج اور ہوائی فائر نگ کی جس پر مظاہرین منشر ہو گئے۔