نوازشریف کی حکومت دونوں ملکوں میں امن، تجارت کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہو گی: گرویندر سنگھ

نوازشریف کی حکومت دونوں ملکوں میں امن، تجارت کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہو گی: گرویندر سنگھ

ننکانہ صاحب (نمائندہ نوائے وقت) نوازشریف کی حکومت دونوں ملکوں کے درمیان امن بھائی چارے اور تجارت کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار بھارتی سکھ یاتریوں کے جتھہ دار لیڈر گرویندر پال سنگھ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں کیونکہ ان کے بزرگوں کا تعلق بھارتی پنجاب کی سرزمین جاتی عمرہ سے تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان، محکمہ اوقاف اور کارسیوا کی طرف سے جو گورودواروں کی دیکھ بھال کے حوالہ سے اور ازسرنو تعمیر کئے جانے والے گورودواروں کا کام ہورہا ہے وہ قابل تحسین ہے، میری حکومت پاکستان سے گزارش ہے کہ بھارتی سکھ ےاتریوں کو زیادہ سے زیادہ ویزے دیئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں صفائی، رہائش اور لنگر کے کئے جانے والے انتظامات بہت احسن ہیں اور جس طرح پاکستان میں موجود سکھوں کے گورودواروں کی دیکھ بھال کی جارہی ہے اس پر پوری دنیا میں بسنے والی سکھ قوم پاکستان حکومت کی شکر گزار ہے۔

مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات جاری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 147 ویں برسی کے سلسلہ میں شرکت کے لیے آئے سکھ یاتریوں کی گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب ،گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد میں تقریبات جاری ہیں۔ یاتریوں کے لیڈر سردار گویندر پال سنگھ کا اس حوالے سے کہنا ہے ہم ےہاں ملنے والی عزت اور خصوصی پیار کو کبھی نہ بھول پائیں گے۔ یاتری اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کے بعد 30جون کو واہگہ ریلوے سٹیشن کے ذریعے واپس بھارت روانہ ہو جائیں گے۔