نوازشریف حکومت نے معیشت کی سمت درست کر دی: حمزہ شہباز

نوازشریف حکومت نے معیشت کی سمت درست کر دی: حمزہ شہباز

لاہور (پ ر) نوازشریف حکومت نے پاکستانی معیشت کی سمت درست کر دی ہے، نوازشریف کے وزیراعظم بننے سے سرمایہ کاروں، صنعت کاروں اور تاجروں کا اعتماد بحال ہو گیا ہے اور تمام معاشی اشارئیے معیشت کے دوبارہ پٹڑی پر آ جانے کا پیغام دے رہے ہیں، تمام تر مشکلات کے باوجود نوازشریف حکومت کی پوری توجہ معیشت اور امن و امان کی بحالی پر مرکوز ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف نے گذشتہ روز مختلف سیاسی رہنماﺅں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حمزہ شہبازشریف نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف سے زیادہ عوام دوست رہنما پاکستان کی ماضی کی تاریخ میں کوئی نہیں آیا، ضلع ٹیکس اور محصول چونگی جیسے ظالمانہ ٹیکسوں کا خاتمہ نوازشریف کے ہاتھوں ہوا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بجٹ میں توانائی بحران کے خاتمے کے لئے 225ارب روپے کی خطیر رقم مختص کرنے کے علاوہ دو ماہ میں سرکلر ڈیٹ کے خاتمہ کا عندیہ دیکر واضح کر دیا ہے کہ وہ عوام کی مشکلات کے خاتمے کیلئے سرتوڑ کوشش کر رہی ہے۔ یہ کوششیں جلد رنگ لائیں گی۔ اس حوالے سے دوست ہمسایہ ممالک کی طرف سے توانائی کے بحران کے خاتمے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی نوازشریف حکومت کی اس مسئلہ کے حل کے لئے سنجیدگی کی مظہر ہے۔