بوریواالا : ڈاکوﺅں نے چالیس لاکھ کے چاول لوٹ لئے‘ مزاحمت پر فیکٹری مالک کا برادر نسبتی قتل چوکیدار زخمی

بورے والا(نامہ نگار) ڈلن روڈ پر واقع رائس فیکٹری میں مسلح ڈکیتی کی واردات، مزاحمت پر 16ڈاکوﺅں کے تشدد اور فائرنگ سے فیکٹری کے مالک کا سالا قتل جبکہ ایک چوکیدار شدید زخمی، ڈاکو 40 لاکھ سے زائد مالیت کے چاول ٹرک میں لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ڈلن کماند روڈ پر واقع رائس ملز ایسوسی ایشن بورے والا کے جنرل سیکرٹری محمد افضل چھینہ کی فیکٹری میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب 16 ڈاکو آگئے ،چوکیدار محمد علی فوجی کو باندھ دیا، شور سن کر چھت پر سویا ہوا فیکٹری مالک کا سالا محمد شاہد نیچے آیا تو ڈاکوﺅں کےساتھ معمولی مزاحمت پر ڈاکوﺅں نے اسے آہنی راڈوں اور اسلحہ کے بٹ مار کر قتل کر دیا جبکہ انکی فائرنگ سے چوکیدار شدید زخمی ہوگیا۔ مسلح ڈاکو جاتے ہوئے فیکٹری سے 40لاکھ سے زائد مالیت کے چاول اپنے ٹرک پر لوڈ کر کے کر فرار ہو گئے اہل دیہہ فائرنگ کی آواز سن کر جب فیکٹری میں پہنچے تو انہوں نے فیکٹری ملازم کو آکر رسیوں سے آزاد کروایا اور فیکٹری مالک کو اسکی اطلاع دی، فیکٹری مالک کی اطلاع پر ڈی ایس پی مختار احمد جوئیہ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ وہاں پہنچے اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس کی ٹیمیں روانہ کر دیں، واردات کے فوری بعد سابق ایم پی اے سردار خالد سلیم بھٹی اور رائس ملز ایسوسی ایشن بورے والا کے صدر احسن سردار بھٹی بھی موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے اس واردات پر شدیدغم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا اس سے قبل بھی مقامی رائس فیکٹریوں میں ایسی ہی نوعیت کی تین سے زائد وارداتیں ہو چکی ہیں لیکن کسی واردات کا بھی سراغ نہیں مل سکا انہوں نے آئی جی پنجاب اور ڈی پی او وہاڑی سے اس خطرناک گروہ کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
بورے والا/قتل