سفید سوٹ جوتے میلے نہ ہوجائیں؛ وزیراعلیٰ مدھیہ پردیش کا گود میں چڑھ کردورہ
نئی دہلی: پولیس کی گود میں چڑھ کر سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے والے ریاست مدھیہ پردیش کے وزیراعلی کی غیر سنجیدہ حرکت کے بعد شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔44 برس قبل 1972 میں بالی ووڈ کی لیجنڈ فلم پاکیزہ ریلیز ہوئی تھی، اس فلم کے گانے جہاں کئی دہائیاں گزربنے کے بعد بھی لوگوں کے کانوں میں رس گھولتے ہیں وہیں راج کمار کے ادا کئے گئے ڈائیلاگ بھی کافی مشہور ہیں۔ ایسا ہی ایک ڈائیلاگ راج کمار اس وقت ادا کرتے ہیں جب مینا کماری ٹرین میں سفر کے دوران سو رہی ہوتی ہی اور راج کمار ان کے پیروں کو دیکھ کہتے ہیں کہ ’’ان حسین پیروں کو زمین پر مت رکھیے گا میلے ہوجائیں گے‘‘ مینا کماری نے ان کی بات کا پاس نہ رکھا اور پوری فلم میں اٹھلاتی رہیں لیکن بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ نے ان کی بات پرعمل ضرورکردیا۔ہوا کچھ ہوں کہ مدھیہ پردیش میں ان دنوں سیلابی صورت حال ہے اورریاست کے وزیراعلیٰ ہونے کے ناطے شیو راج صاھب کو ان علاقوں کا دورہ کرنا ضروری تھا، قیمتی سفیر سوٹ اور بیش قیمت جوتے پہن کر جب شیو راج صاحب متاثرہ علاقے میں پہنچے تو دیکھا کہ پانی زیادہ ہے اور اس سے ان کے جوتے خراب ہوجائیں گے۔وزیراعلیٰ صاحب کے لیے آگے جانا ضروری بھی تھا اورجوتے بچانا بھی لازمی تھا ، ایسے میں انہیں راج کمار کا ڈائیلاگ ضرور یاد آیا ہوگا، آؤ دیکھا نا تاؤ سیکیورٹی پر تعینات پولیس والوں کو حکم دیا کہ انہیں اٹھا کر لے جایا جائے۔ دھان پان سے نظر آنے والے وزیر اعلیٰ بھاری بھرکم نکلے تو پولیس اہلکار انہیں کندھوں سے اٹھا کر لے گئے۔ اس طرح راج کمار کی بات پر عمل کرکے انہوں نے دورہ بھی کرلیا اورجوتے بھی میلے نہیں ہوئے۔