ہندو آج ’’دیوالی‘‘ منائیں گے، سندھ میں عام تعطیل ہوگی
لاہور+ کراچی (خصوصی نامہ نگار + خصوصی رپورٹر + آئی این پی)پاکستان کی ہندو برادری آج اپنا مذہبی تہوار ’’دیوالی‘‘ ملک بھر میں بھر پور اندازسے منائی جائیں گی۔ اس حوالے سے مندروں میں خصوصی پوجا پاٹ ہو گی۔ صوبائی دارالحکومت میںدیوالی کی مرکزی تقریب لاہور کے کرشنا مندر راوی روڈ میں رات آٹھ بجے ہوگی ۔ چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق مہمان خصوصی ہونگے۔ دیوالی کی تقریب میں دیگر مذاہب کے علاوہ اتحاد بین المسلمین کے اہم رہنماء بھی شریک ہوں گے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدرپاکستان آصف علی زرداری نے اپنی، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان کے عوام کی جانب سے ہندوئوں کو دیوالی کے موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق اس اصول پر یقین رکھتی ہے کہ تمام شہری بلاتفریق مذہب اور سماجی رتبے کے برابر کے شہری ہیں۔ پیپلز پارٹی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ نہ صرف ہندو بلکہ تمام اقلیتیں پاکستانی ریاست کی برابر کی شہری ہیں اور انہیں تمام حقوق مساوی طور پر ملنے چاہئیں جن میں انہیں مسلمانوں کے ساتھ تمام امیدواروں کو ووٹ دینے کا حق بھی شامل ہے۔ سندھ حکومت نے دیوالی پر صوبے میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلاول ہائوس میں دیوالی کی خصوصی تقریب کا انعقاد کرکے ہندو برادری کی اہم شخصیات کو وہاں شرکت کی دعوت دی۔ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی (آج) عمر کوٹ میں ہندو برادری کے ساتھ دیوالی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ نوڈیرو میں دیوالی کی تقریب میں بھگدڑ مچنے سے 4 بچے زخمی ہوگئے۔