سپریم کورٹ نے رکن پنجاب اسمبلی محمد یوسف کسیلیہ کی ر کنیت بحال کر دی
گگو منڈی + بورے والا (نامہ نگاران) سپریم کورٹ نے رکن پنجاب اسمبلی چودھری محمد یوسف کسیلیہ کی رکنیت بحال کر دی۔ سپریم کورٹ نے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ اور ضمنی انتخابات کا شیڈول بھی معطل کر دیا۔ گگو منڈی حلقہ 232پی پی کے آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمد یوسف کسیلیہ کے خلاف ان کے سیاسی حریف سابق صوبائی وزیر پیر غلام محی الدین چشتی نے الیکشن ٹربیونل کورٹ میں الیکشن مہم میں اخراجات مقررہ حد سے تجاوز کرنے کا کیس دائر کر رکھا تھا جس کی روشنی میں الیکشن ٹربیونل نے رکن پنجاب اسمبلی چودھری محمد یوسف کسیلیہ کو نااہل قرار دے دیا تھا۔ الیکشن ٹربیونل کے فیصلہ کے مطابق الیکشن کمشن نے بھی رکن صوبائی اسمبلی کی رکنیت ختم کر دی تھی۔ جس پر رکن صوبائی اسمبلی نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں اپیل دائر کی تو سپریم کورٹ نے رکن پنجاب اسمبلی حلقہ 232پی پی چودھری محمد یوسف کسیلیہ کی رکنیت بحال کر دی اور الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ اور ضمنی انتخابات کا شیڈول بھی معطل کر دیا۔ رکن صوبائی اسمبلی کے بحال ہونے کی خبر جب گگو منڈی میں پہنچی تو علاقہ کے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔