مانگا منڈی: میاں بیوی 6 ماہ کی بچی سمیت، فیروزوالا میں خاتون زندہ جل گئی

مانگا منڈی+ فیروزوالا (نامہ نگاران) مانگا منڈی میں میاں بیوی 6 ماہ کی بچی سمیت، فیروزوالا میں خاتون زندہ جل گئی جبکہ  جھلس کر 2 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق مانگا منڈی میں کمرہ میں سوئے ہوئے میاں بیوی 6 ماہ کی بچی سمیت آگ میں جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔ مانگا ہسپتال روڈ قلعہ دائودکا میں ٹیکسی ڈرائیور 26 سالہ محمد عامر اپنے گھر کے کمرہ میں اپنی بیوی نازیہ اور 6 ماہ کی بچی آمنہ کے ہمراہ سویا ہوا تھا رات کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث کمرہ میں موم بتی جلا رکھی تھی، سونے سے پہلے اسے بجھانا بھول گئے جس کے اچانک نیچے گرنے سے سامان میں آگ بھڑک اٹھی جو پورے کمرہ میں پھیل گئی۔ میاں بیوی اپنی بچی کو لے کر کمرہ سے باہر نہ نکل سکے۔ جھلس کر تینوں موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کر دی۔ علاوہ ازیں فیروزوالا میں شاہدرہ میں دو منزلہ گھر کے کمرے میں اچانک آگ لگ جانے سے ناصر علی شاہ کی جواں سال بیوی ندا بی بی بری طرح جھلس گئی جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال لایا گیا جہاں پر وہ دم توڑ گئی۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ بیگم کوٹ میں ایک دھاگہ سازی فیکٹری میں آتشزدگی کے دوران سکیورٹی گارڈ منظور احمد، اسکی بہن جھلس کر شدید زخمی ہو گئے۔ طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ سگیاں پل کے قریب ایک پٹرول پمپ میں اچانک آگ لگ گئی۔ ریسکیو کے عملے نے بروقت کارروائی کر کے آگ پر قابو پا لیا۔