شاہدرہ ٹائون: نجی ہسپتال میں غلط انجکشن سے زچہ و بچہ جاں بحق، ورثاء کا ہنگامہ

فیروز والہ (نامہ نگار) شاہدرہ ٹائون امامیہ کالونی پھاٹک کے قریب نجی ہسپتال میں زچگی کے دوران خاتون اور بچے کی ہلاکت پر ورثاء اور شہریوں نے ہنگامہ آرائی کی اور توڑ پھوڑ کے دوران ہسپتال کا عملہ فرار ہو گیا۔ پولیس نے دو ڈاکٹروں کو حراست میں لے لیا بتایا گیا ہے کہ کالا خطائی روڈ کے رہائشی شہری ذیشان کی بیوی کے ہاں بچے کی پیدائش کے سلسلے میں اسے نجی ہسپتال شاہدرہ ٹائون لایا گیا جہاں پر ڈاکٹر نے اسے غلط ٹیکہ لگا دیا جس کی وجہ سے بچے کی پیدائش کیلئے لیڈی ڈاکٹر بروقت نہ مہیا ہو سکیں جس کے باعث خاتون اور اس کا بچہ جان بحق ہو گئے اس واقع پر ورثاء اور شہری سراپا احتجاج بن گئے جنہوں نے  مشتعل ہوکر ہسپتال میں توڑ پھوڑ کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پالیا پولیس نے دو ڈاکٹروں اقبال اور فرحت کو حراست میں لے لیا تھانہ مریدکے کے مطابق پولیس کارروائی کر رہی ہے۔